سہ ماہی صدائے لائبریرین جلد5، شمارہ2

اس بار صدائے لائبریرین خلاف ِ معمول بہت تاخیر سے آن لائن ہونے جارہا ہے۔

میگزین کے لئے مطلوبہ تحریریں اپریل کے پہلے ہفتے تک موصول ہوچکی تھیں لیکن اس وقت طبیعت کام پر  بالکل بھی آمادہ نہیں ہورہی تھی۔پھر رمضان المبارک کا آغاز ہوگیاجس میں زندگی کے تمام معمولات یکسر بدل جاتے ہیں۔عید کے بعد بھی وہی سستی اور کاہلی اس کی مزید تاخیر کا سبب بنتی گئی۔ اس سستی کے علاوہ ایک اور وجہ بھی اس کی تاخیر کا باعث ہوئی۔ صدائے لائبریرین کی موجودہ ویب سائٹ ورڈ پریس (Word Press)پر ڈیزائن کی گئی تھی ۔ ورڈ پریس چونکہ ویب سائٹ کے لئے مفت ٹمپلیٹ مہیا کرتا ہے اور وقتاً فوقتاً اس میں اپ ڈیٹس بھی کرتا رہتا ہے جس کی وجہ سے ہمیں اس کے معیار اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں مسائل پیش آرہے تھے۔ ورڈ پریس کی ایک اور خامی اس کا محفوظ نہ ہونا بھی ہے۔ اس لئے ضروری تھا کہ ویب سائٹ کو ورڈ پریس کے بجائےکسی اور پلیٹ فارم پر کھڑا کیا جائے۔ چنانچہ اس حوالے سے بھی کام جاری تھا۔ اس وقت ویب سائٹ .Netپر ڈیزائن ہوچکی ہے جسے کچھ دن کے آزمائشی مراحل (Testing) کے بعد لانچ کردیاجائے گا۔

صدائے لائبریرین کی نئی ویب سائٹ میں دو چیزوں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ اول کتابداروں کا ایک بین الاقوامی ڈیٹابیس اور دوم بلاگ۔ ایک ایسا ڈیٹا بیس جس میں پوری دنیا سے کتابداروں کی معلومات ہوں  اورجنہیں ایک کلک پر ڈھونڈا جا سکے۔ اس ڈیٹا بیس میں نام، شہر، ادارے وغیرہ سے کسی بھی کتابدار کو ڈھونڈا جاسکے گا۔ اسی طرح صدائے لائبریرین کی ویب سائٹ پر بلاگنگ کی سروس بھی شروع کی جارہی ہے جہاں پر لکھاریوں کو  اپنے مافی الضمیر کے اظہار کے لئے ایک آزاد انہ پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا۔ آزادانہ اس لئے کہ بلاگ میں ایڈیٹنگ کا اختیار صرف بلاگ لکھنے والے کے پاس ہوگا۔اُس کے علاوہ اس میں کوئی بھی کسی قسم کی ترمیم  یاتبدیلی نہیں کرسکے گایہاں تک کہ  ویب سائٹ کا ایڈمن بھی اس حق سے محروم ہوگا۔بلاگ لائبریرین شپ  کے ساتھ ساتھ کسی بھی  دیگرعمومی موضوع پر لکھا جاسکے گا۔امید کی جاتی ہے کہ یہ دونوں سروسز پاکستانی لائبریرین شپ میں ایک مثبت اضافہ ثابت ہوں گی۔

ہماری کوشش تو یہی ہوتی ہے کہ جتنی بھی تحریریں میگزین کے لئے موصول ہوں انہیں کانٹ چھانٹ کر اشاعت کے قابل بنا کر چھاپ دیا جائے  تاکہ لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوسکےلیکن کچھ تحریریں بالکل بھی چھپنے کے قابل نہیں ہوتیں اس لئے انہیں شمارے کا حصہ نہیں بنایا جاتا ۔اس کے لئے ہم ان تحریروں کے لکھاریوں /مالکان سے معذرت خواہ ہیں۔

خوش رہیں اور خوش رکھیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے لئے آسانیاں پیدافرمائے۔آمین

میگزین پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئےتصویر پر کلک کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published.