سہ ماہی صدائے لائبریرین جلد3، شمارہ3

دو ہفتوں کی مسلسل ریاضت کے بعد جب میگزین تقریباًمکمل ہو گیا اور دل کو وہ اطمینان حاصل ہوچکا جو کسی اہم کام کی تکمیل کے بعد ہر انسان کو حاصل ہوتا ہے تو انکشاف ہوا کہ وہ فائل جس  پر  اتنی  مغز  ماری  کی  تھی کرپٹ ہو چکی ہے۔ساری خوشی دھری کی دھری رہ گئی ۔ میگزین کو آن لائن کرنے کی ڈیڈ لائن میں صرف چھ دن باقی بچے تھے اور ان چھ دنوں میں دو ہفتوں کا کام کیسے ہو۔بہت کوشش کی کہ کسی طرح وہ فائل بازیافت ہو جائے لیکن سب بے سود اور وقت کا مزید ضیاع ثابت ہوا۔دل بہت ملول تھا اور آنے والا ہر لمحہ حوصلہ شکنی کا باعث بن رہا تھا۔

پھراللہ کا نام لے کر دوبارہ ہمت کی اورنقطہء آغاز سے کام شروع کر  دیا۔حیرت انگیز طور پر تین دن کے اندر سب کچھ مکمل کر لیا۔ میگزین پہلے سے بہتر حالت میں ڈیزائن ہو گیا تھا۔ہوا یہ کہ فائل کے کرپٹ ہونے کے بعد اسے بازیافت کرنے کی کوشش کے دوران بہت سی نئی چیزیں سیکھنے کو ملیں۔

زندگی کا یہی چلن ہے۔ہماری ناکامیاں ہمیں ہماری شخصیت کے خفیہ گوشوں سے روشناس کروانے اور ہماری زندگی کو مزید بہتر کرنے کے لئے آتی ہیں۔ یہ ایک طرح سے اللہ کی نعمت ہوتی ہیں لیکن ہم ان سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی زندگی کو اور زیادہ مشکل میں ڈال لیتے ہیں۔مشکلیں اور ناکامیاں ہمیں ان راستوں اور پگڈنڈیوں سے واقف کرواتی ہیں جن سے بچ کر چلنا ہمارے لئے ضروری ہوتا ہے اور ایسے راستوں اور طریقوں سے روشناس کرواتی ہیں جن پر چلنے سے ہمارے لئے آسانیاں اور بہتریاں جنم لیتی ہیں۔

بہر حال اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ صدائے لائبریرین کا تازہ شمارہ آپ کے سامنے ہے۔ہر  دفعہ  کی  طرح  اس  بار  بھی  بھر  پور  کوشش  کی  گئی  کہ  میگزین  کو  پہلے  سے  بہتر  انداز  میں  پیش  کیا  جائے  لیکن  مزید  بہتری  کی  گنجائش  ہمیشہ  موجود  رہتی  ہے۔اس  کے  لئے  آپ  کی  تجاویز  کا  انتظار  رہے  گا۔

ہمیں معلوم ہو اکہ بہت سے احباب اس کا پرنٹ لے کر ان لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں جو بوجوہ انٹرنیٹ کا استعمال نہیں کر سکتے یا آن لائن نہیں پڑھ سکتے ۔کچھ لائبریرین قارئین کے لئے پرنٹ لے کر اپنی لائبریری میں رکھتے ہیں۔اسی طرح کچھ تعلیمی اداروں میں اساتذہ اپنے طلبا ء کو صدائے لائبریرین کی مشقیں بھی دیتے ہیں۔اس سے اس میگزین کی ہر دلعزیزی کا اندازہ ہوتا ہے۔ اس طرح یہ تمام احباب صدائے لائبریرین کے اس مشن کا حصہ بن رہے ہیں جس کا مقصد ملک بھر کے تمام پروفیشنلز کے مسائل کو اجاگر کرنا اور اپنی آواز کو وہاں تک پہنچانا ہے جہاں تک اسے پہنچنا چاہئے۔انا پرستی، خود غرضی اور چھینا جھپٹی کے ماحول میں اگر کچھ لمحے دوسروں کے لئے سوچا جائے تویقینا یہ گھاٹے کا سودا نہیں ہے۔اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر سے نوازے  اور  آپ کے لئے آسانیاں پیدا فرمائے۔آمین

میگزین پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئےتصویر پر کلک کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published.