سہ ماہی صدائے لائبریرین جلد2، شمارہ1

                 لائبریرین شپ خدمات کا شعبہ ہے اور اس سے وابستہ افراد خدمت کے جذبے سے سرشار ہونے چاہئیں۔یہی لائبریرینز کی شناخت ہے اور اسی سے ہی ان کو عزت ملے گی۔یہ ایک سچ ہے جس سے آپ جتنا فرار چاہیں گے اتنا ہی پیچیدگیوں میں پڑتے جائیں گے۔ آپ کو لگے گا کہ ڈور سلجھ رہی ہے لیکن حقیقت اس کے بر عکس ہو گی۔

بھلے وقتوں کی بات ہے جب لائبریری سائنس کے نام سے ایک شعبہ ہوا کرتا تھا ۔ پھر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایسی تیز آندھی چلی کہ اس نے زندگی کے ہر شعبے کو تہہ وبالا کر دیا۔دوسرے شعبوں کی طرح لائبریری سائنس بھی اس آندھی سے نہ بچ سکی ۔اس نے نہ صرف ٹیکنالوجی کو Adoptکیا بلکہ اس سے بھی چند قدم آگے بڑھ کراپنا نام بھی اسی مناسبت سے بدل لیا۔ یعنی لائبریری سائنس اب لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس کہلانے لگی۔ انفارمیشن کا سیلاب آیا تھا ۔ علم میں اضافے کی بنا پر اس بات کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی کہ سائنس کی ایک شاخ کو مختلف ذیلی شاخوں میں تقسیم کر دیا جائے۔لیکن اوپر اصل شاخ کا نام ویسا ہی تھا۔بیالوجی باٹنی، زوالوجی ، جینٹکس، وغیرہ میں تقسیم ہو رہی تھی لیکن کسی نے بیالوجی کا نام نہیں بدلا تھااسی طرح فزکس، کیمسٹری، سوشیالوجی، اکنامکس درجنوں شاخوں میں منقسم ہونے کے باوجود اپنے اصل نام اور شناخت کے ساتھ موجود رہیں۔یہ اعزاز صرف لائبریری سائنس کو ہی حاصل ہوا کہ اپنی شناخت کو دائو پر لگانے کو تُل گئی تھی۔

انفارمیشن سائنس کی بیساکھی پر چلتے ہوئے لائبریری سائنس کو کئی عشرے بیت چکے ہیں۔ ان تمام ماہ سال کے دوران لائبریرین عزت اور رتبے کی تلاش میں مارا مارا پھرتا رہا ہے لیکن حالات سدھرنے کے بجائے دگرگوں ہوتے جا رہے ہیں۔اس پر مستزاد یہ کہ ہم  اپنے ماتھے سے لائبریری سائنس کا نام ہی کھرچ ڈالنے پرتلے ہوئے ہیں۔ یعنی نہ رہے گا بانس اور نہ بجے گی بانسری۔باقی بچے کھچے پروفیشنلز انفارمیشن سائنس کے بعد ریسرچ کے دامن میں پناہ ڈھونڈ رہے ہیں۔یعنی اگر ہم دیکھنا چاہیں تو ہر طرف ریسرچر اور انفارمیشن مینجر ہی دکھائی دیں گے لائبریرین کہیں دکھائی نہیں دیتا۔شاعر سے معذرت کے ساتھ:

نکل جا شہر میں اور ڈھونڈ کے لا

اگر کوئی”لائبریرین “باقی رہ گیا ہے

سوال یہ کہ کیا اپنے نام کے ساتھ لائبریری سائنس لگا کر ریسرچ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مہارتیں حاصل نہیں کی جا سکتیں؟ اس سوال کا جواب تو قارئین آپ خود سے پوچھیں ہمیں تو سر ِ دست آپ سے بس اتنا کہنا ہے کہ آپ کی پہچان لائبریرین شپ سے ہے۔ اپنے آپ کو موجودہ دور کی تکنیکی مہارتوں سے لیس کر کے اپنی خدمات کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنائیں تاکہ آپ اپنے لائبریری یُوزرز کے سوالوں کی تشفی کر سکیں ۔کیونکہ یہی وہ طریقہ ہے جس سے آپ کو معاشرے میں عزت اور پہچان ملنی ہے۔آپ ریسرچ میں اپنا مقام پیدا کریں ، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں اپنے جھنڈے گاڑیں لیکن ایک لائبریرین کی حیثیت سے تا کہ لوگ آپ کے کام کی وجہ سے آپ کے پروفیشن کی عزت کر سکیں۔ بصورت دیگر ہم اس شعر کے مصداق ہو جائیں گے :

ایک ہم ہیں کہ لیا اپنی ہی صورت کو بگاڑ

ایک وہ ہیں  جنہیں تصویر بنا آتی ہے

میگزین پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئےتصویر پر کلک کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published.