سہ ماہی صدائے لائبریرین جلد1، شمارہ3

ہم اللہ تعالیٰ کے بے حد شکر گزار ہیں کہ اس نے صدائے لائبریرین کو بے پناہ عزت سے نوازا اور ہمیں توفیق دی کہ اس کا تیسرا شمارہ آپ کے سامنے پیش کرنے جا رہے ہیں۔

اس شمارے سے ہم دو سلسلے مستقلاً شروع کرنے جا رہے ہیں۔ایک کا نام  کراچی کی فضائوں سے جسے محترم ڈاکٹر رئیس صمدانی صاحب لکھا کریں گے اور دوسرے کا نام خاکِ راہ ہے جو دراصل ڈاکٹر ہارون عثمانی صاحب کی آپ بیتی ہے جو قسط وار صدائے لائبریرین کے ہر شمارے کے توسط سے آپ تک پہنچتی رہے گی۔اس شمارے میں ایک مضمون بلوچستان کے دو دوستوں کا بھی ہے جو حقیقتاً چشم کشا ہے اور ہم چاہیں گے ہماری تمام ایسوسی ایشنیں خصوصاً پی ایل اے اس مضمون پر ضرور غور فرمائیں۔ممکن ہے اس طرح سےان کے شکووں کا مداواکیا جاسکے۔

ہم یہاں اس بات کا تذکرہ انتہائی ضروری سمجھتے ہیں کہ صدائے لائبریرین کی ٹیم میں شامل لوگ کوئی بڑے عہدوں کے مالک نہیں ہیں۔یہ عام سے لائبریرین یا اسسٹنٹ لائبریرین ہیں جو پروفیشن کی بہتری کےلئے جدوجہد میں مصروف ہیں اور اس کا نتیجہ یقیناًپروفیشن کی نیک نامی کے سوا اور کیا ہو سکتا ہے۔اس جدوجہد کے دوران ہم اپنا پیسہ ، وقت اور صلاحیتیں صَرف کرتے ہیں اور بدلے میں کسی انعام یا صلے کی کسی سے توقع نہیں رکھتے۔ہمارا مقصد صرف آپ کی آواز بننا ہے وہ آواز جوبدقسمتی سے ان کانوں  تک کبھی پہنچتی ہی نہیں ہے جو اس پروفیشن کے دکھوں کا مداوا کر سکتے ہیں ۔اگر آپ کو ہمارا یہ عمل اچھا لگتا ہے توصدائے لائبریرین کی صدا میں اپنی صداملا کر ہمارا ساتھ دیجئے۔ ہمیں آپ سے کچھ بھی تو نہیں چاہئے۔ہم تو صرف اتنا کہہ رہے ہیں کہ آپ کا درد صرف آپ کا درد ہے اس کو آپ نے ہی محسوس کرنا ہے اور اس کے درماں کے لئے کوشش بھی آپ نے خود ہی کرنی ہے۔آپ کے مسائل آپ کے ہیں ان کے حل کے لئے فرشتوں کی کوئی جماعت آپ کی مدد کو نہیں آنے والی۔ہم نے اس غرض سے اپنی ویب سائٹ www.sel.org.pk کا آغاز کر دیا ہے جہاں پر آپ اپنے ارد گرد ہونے والی پروفیشنل سرگرمیوں اور اپنے مسائل کے بارے میں اپنے دیگر پروفیشنل ساتھیوں کو آگاہ رکھ سکتے ہیں۔یہ ویب سائٹ اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اس پر آپ کو صرف لائبریری سائنس کے حوالے سے نہ صرف تازہ خبریں ملتی ہیں بلکہ مختلف اداروں میں موجود ملازمتوں کے بارے میں بھی اس پر معلومات بہم پہنچائی جاتی ہیں۔

 وہ تمام لوگ جو پروفیشن کی بہتری کے لئے کسی نہ کسی حوالے سے سرگرمِ عمل ہیں صدائے لائبریرین ان کے اس عمل کو سراہتا ہے اور ان کو غیر مشروط تعاون کی پیش کرتا ہے۔

خوش رہئے اور دوسروں میں خوشیاں بانٹیے۔اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔

میگزین پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئےتصویر پر کلک کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published.