downloadاسلام آباد (اے پی پی) لوک ورثہ کے زیر اہتمام صوفیاء کے کام ان کی تعلیمات اور شاعری کے حوالے سے کام ہو رہاہے اور حال ہی میں لوک ورثہ اسلام آباد کے تحت ’’ وارث شاہ، زندگی اور کام‘‘ کے عنوانات سے کتاب شائع کی گئی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ سعید نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ کتاب لوک ورثہ نے کئی سال قبل پنجابی ادبی بورڈ لاہور کے اشتراک سے اپنے ایک خصوصی تحقیقی پراجیکٹ کے تحت تیار کروائی تھی ۔
اور اس کے تحقیق کاروں میں پنجابی زبان کے معروف تحقیق کار اور لکھاری جناب سجاد حیدر، پروفیسر شریف کنجاہی اور آصف خان صاحب شامل تھے جن کی عرق ریز تحقیق کے بعد وارث شاہ کی زندگی اور کام کے حوالے سے یہ منفرد کتاب تیار ہوئی تھی۔ حال ہی میں لوک ورثہ نے اس کتاب کا دوسرا ایڈیشن شائع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوفیاء کے کام، اُن کی تعلیمات اور شاعری کے حوالے سے لوک ورثہ اشاعت گھر نے باقاعدہ ایک سیریز کے تحت کتابیں شائع کی ہیں جس کے تحت اب تک تیس سے زائد کتابیں شائع کی جا چکی ہیں اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے