unnamedاسلام آباد ( 12مئی 2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن اور پاکستان ریلویز کے اشتراک سے اپریل 2015 تا ستمبر 2015کا ٹائم اینڈ فیئر ٹیبل ’’ مسافر ‘‘ کے نام سے شائع ہو گیا ہے۔ نگرانِ اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید ہیں جب کہ مشاورت سنیئر جنرل منیجر ریلویز محمد جاوید انور کی ہے۔ ’’ مسافر ‘‘ کا تازہ شمارہ پاکستان ریلویز کے سٹیشنوں سمیت این بی ایف کے بُک سٹالز پر بھی دستیاب ہے۔ قیمت فی شمارہ 65روپے ہے۔106صفحات پر ریلوے ٹائم ٹیبل ہے جب کہ 34(اردو(صفحات میں ریلوے کے وفاقی وزیر ، چیئر پرسن اور سنیئر جنرل منیجر کے پیغامات، ریلوے کی کارکردگی پر قومی اخبارات کے اداریوں کے اقتباسات، نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی کتب کا تعارف ، دلچسپ واقعات، کہانیاں، شگفتہ مضامین، فرمودات، شاعری، طنزو مزاح اور اقوالِ زریں شامل ہیں ۔ مسافر ہر چھ ماہ بعد نیشنل بُک فاؤنڈیشن اور پاکستان ریلویز کے مابین معاہدے کے مطابق اشاعت پذیر ہوتا ہے جس کا بنیادی مقصد ریل کے سفر کے دوران مسافروں کی تنہائی کا ازالہ کرنااور انہیں دلچسپ تحریروں سے محظوظ کرنا ہے۔