مقرر ہ ٹائم فریم کے مطابق رواں ماہ میں تمام ٹیکسٹ بُکس فراہم کر دی جائیں گی
copy-right-670
اسلام آباد (15اپریل 2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے عملے کی شبانہ روز محنت کے نتیجے میں پریپ کلاس سے بارھویں کلاس تک کی تمام مضامین کی کتب کی نظر ثانی ،عالمی معیاربندی اور عمدہ طباعت کے بعد ترسیل کا کام تیزی سے جاری ہے۔ این بی ایف ذرائع کے مطابق بین الاقومی معیار کی دیدہ زیب ڈیزائننگ ، بہترین پرنٹنگ اور عمدہ کاغذ پر کلاس پہلی سے دسویں تک فیڈرل ڈائریکٹویٹ آف ایجوکیشن کے مقرر کردہ 9سنٹروں میں تین لاکھ سے زائد کتابیں مہیا کر دی گئی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی کی تمام ٹیکسٹ بُکس کے مکمل سیٹ بہت جلدفراہم کر دیئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ چند برسوں میں ٹیکسٹ بُکس کی فراہمی میں حائل چند دشواریوں کو دور کرنے اور نصابی کتب کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل بُک فاؤنڈیشن میں وفاقی ٹیکسٹ بُک بورڈ کا ٹیکسٹ بُکس ڈویلپ منٹ سیل قائم کیا گیا اور اس سلسلے میں مصنفین اور ماہرین کے لیے پانچ بھر پور ورکشاپیں منعقد کی گئیں۔ نصابی کتب کے موقر مصنفین، ماہرین اور پرفیشنلز کی شرکت و مشاورت، جدید میکنزم کے حوالے سے فیڈ بیک ،سٹائل گائیڈ کے اصولوں اور دیگر اہم امور کو سامنے رکھتے ہوئے نصابی کتب کے متون، لے آؤٹ، تصاویراور ڈیزائن کو پہلی بارعالمی معیار پر ڈھالا گیا ہے۔