Picاسلام آباد ( 07اپریل2015ء) خدا وندِ قدوس کی جانب سے مختلف امّتوں پر اتاری گئی تمام الہامی کتب میں قرآنِ مجید کو اُمّ الکتاب کا درجہ حاصل ہے۔ یہ سب سے عظیم ، مقدس ترین اور آخری آسمانی صحیفہ ہے جو نبی آخر الزمان حضرت محمدﷺ کی نبوت پر مہر دلالت ہے، یہ تمام انسانوں کے لیے ایک ہدایت نامہ ہے۔ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے لیے یہ اس ادارے کی اشاعتی تاریخ کا سب سے بڑا اعزاز ہے کہ آج این بی ایف کو قرآنِ پاک کی اشاعت کی سعادت حاصل ہوئی ۔ یہ کلمات نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے این بی ایف کے زیر اہتمام شائع ہونے والے پہلے قرآن پاک کی تقریب پذیرائی میں تمام سٹاف ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ادا کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرآن پاک آرٹ پیپر پر ، اعلیٰ معیار کی طباعت اور لفظی و با محاورہ ترجمہ کے ساتھ جب کہ حفاظ کرام کی ضرورت کے پیش نظر 16سطری قرآن کے نسخے چھاپے گئے ہیں۔ انہوں نے تمام افسران اور جملہ سٹاف ممبران کو قرآن پاک کی اشاعت پر مبارک باد دی اور کہا کہ رواں مہینے میں دو اہم امور درپیش ہیں، ٹیکسٹ بکس کی بر وقت ترسیل اور چھٹا قومی کتاب میلہ ، انشاء اللہ اس قرآن پاک کی برکت سے یہ دونوں مراحل خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہم سب کو ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوے اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں پوری کرنا ہیں۔ تقریب کے آغاز میں تلاوت کی سعادت محمد صدیق خان نے حاصل کی۔ اس موقع پر سیکرٹری این بی ایف آفتاب سومرو نے کہا کہ روٹی روزی کے لیے ہر شخص سر گرداں رہتا ہے مگر این بی ایف کے زیر اہتمام قرآن کریم کی اشاعت ایک ایسا کار خیر ہے جو دنیا و آخرت دونوں کے لیے ہے۔ تقریب کے آخر میں ڈپٹی ڈائریکٹر قاضی محمد جمیل نے دعائے خیر کرائی۔
واضح رہے کہ گلیزڈ پیپر پر شائع ہونے والے مذکورہ قرآن پاک کے 16سطری نسخے کا ہدیہ 350روپے جب کہ لفظی و بامحاورہ ترجمہ والے نسخے کا ہدیہ 700روپے ہے ۔ ریڈرز بُک کلب کے ممبران کے لیے یہ قرآنِ پاک 55%ڈسکاؤنٹ پر این بی ایف کی اسلام آباد میں بُک شاپ سمیت ملک بھر میں قائم این بی ایف کی آؤٹ لیٹس پر دستیاب ہیں۔