nbfاسلام آباد (09ستمبر2015ء)نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 11 ستمبر2015ء (جمعہ) سہ پہر 4 بجے این بی ایف کے ریجنل آفس واقع نزد پی ٹی وی اسٹیشن و لیاقت میموریل لائبریری،اسٹیڈیم روڈ، کراچی کے آڈیٹوریم میں ہفتہ وار کتاب میلے ’’شہرِ کتاب‘‘ کا افتتاح وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کریں گے۔ مہمانِ اعزاز نامور کالم نگار و شاعر عطاء الحق قاسمی ہیں۔ ابتدائی کلمات این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید ادا کریں گے جب کہ مقررین میں احمد شاہ اور محترمہ زاہدہ حنا شامل ہیں۔ اس میلے کے ساتھ ہی سینیٹر پرویز رشید این بی ایف گیسٹ ہاؤس کا بھی افتتاح کریں ۔ اس کتاب میلے میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ کراچی کا تعاون شامل ہے۔اس سال اپریل میں اسلام آباد کے’’ قومی کتاب میلے‘‘ اور اگست میں کوئٹہ کے’’ آزادی بُک میلے‘‘ کے بعد ’’شہرِ کتاب میلہ‘‘این بی ایف کا سالِ رواں کا تیسر بڑا بُک میلہ ہے جس میں روزانہ، معلوماتی، علمی اور فروغِ کتب بینی کے حوالے سے کئی پروگراموں سمیت ریڈرز بُک کلب ، لکی بُک ڈرا وغیرہ شامل ہیں۔ ملک بھر سے اہم پبلشرز اور بُک سیلر زکے لگائے گئے بُک سٹالز سے شائقینِ کتب 15سے 55فی صد تک خصوصی ڈسکاؤنٹ پر اپنی پسند کی کتابیں حاصل کر سکیں گے ، اس بُک میلے میں کثیر تعداد میں اہلِ قلم، رائٹرز، دانشوروں، طلبہ، خواتین ، فیملیز اور زندگی کے ہر شعبے کے لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ این بی ایف کے مطابق اس ’’شہرِ کتاب‘‘ کے افتتاح کے بعد آئندہ اسی جگہ پر ہفتہ وار کتاب میلے لگائے جائیں گے۔