unnamedاسلام آباد ( 31اگست2015ء) این بی ایف خیبر پختوانخواہ کے ریجن انچارج مراد علی مہمند کی رپورٹ کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکُول نوشہرہ کینٹ میں نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 13روزہ شاندار اور نہایت کامیاب بُک فئیر این بی ایف کے کتاب دوستی کے عظیم پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اختتامی تقریب کی چیف گیسٹ سکول کی پرنسپل جمیلہ دانیال تھیں۔ انہوں نے این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی انتھک مساعی اور کتاب بینی کے فروغ کے لیے ان کی شروع کی گئی لا تعداد سکیموں کو سراہا ۔ اس موقع پر ڈی ایم او ایجوکیشن نوید اکبر اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔ مراد علی مہمند نے اس کتاب میلے کو ایک بریک تھرو قرار دیا اور کہا کہ 20سے زائد سکولوں نے لاکھوں کی مالیت کی کتب اپنی لائبریریوں کے لیے لیں۔ انھوں نے اس بُک فئیر میں معاونت پر متعلقہ افراد اور شعبوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نوشہرہ بوائز سکولوں میں یکم ستمبر سے سات روزہ بُک فیئر کا آغاز ہو رہاہے جس میں طلبہ اساتذہ اور شائقین کتب کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔