شائقینِ کتب کا ہجوم ،فیمیلیز اور بچوں کی لاکھوں کی تعداد میں شرکت،کروڑوں روپے کی کتب فروخت

unnamed (1)

اسلام آباد (29اپریل 2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چھٹا پانچ روزہ قومی کتاب میلہ امید اور کامیابی کی خوشگوار فضا میں اختتام پذیر ہو گیا۔ اس بارمیلے کا عنوان بُک اینڈ پِیس ٹوگیدرتھا۔ افتتاحی اور اختتامی تقریب کے چیف گیسٹ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید تھے۔ افتتاحی اجلاس میں چیف گیسٹ کے علاوہ ،سفیرِ ترکی عزت مآب صادق بابر گرجن ، سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن راجہ حسن عباس، عطاء الحق قاسمی اور دیگر نے خطاب کیا۔ ملک بھر سے آئے ہوئے بُک سیلرز ،بُک پبلشرز پر مشتمل 80سے زیادہ بُک سٹالز پر میلے کے پانچوں دنوں میں 3کروڑ روپے سے زائد کی کتب فروخت ہوئیں جو اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ شائقینِ کتب کی تعداد کے لحاظ سے بھی یہ میلہ تاریخ کا سب سے بڑا میلہ تھا جس میں دنیائے علم و ادب کی نامور شخصیات سمیت پاکستان و بیرونِ ملک سے این بی ایف کے 2015ء کے بُک ایمبیسیڈرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ لاکھوں لوگوں کے ہجوم میں بھی یہ میلہ پُر امن حالات میں اختتام کو پہنچا۔ اس میں پہلی بار 80کے لگ بھگ سیگمنٹس شامل تھے۔ لیجنڈ لکھاری انتظار حسین اور انور مسعود کے ساتھ شامِ اعتراف ، کل پاکستان مشاعرہ، صوفی نائٹ، اردو، انگریزی، چینی، ترکی، فارسی اور پاکستانی زبانوں کے بُک ریڈنگ سیشنز، اوور سیز پاکستانی رائٹرز کانفرنس، بُک ایمبیسیڈرز کانفرنس، خواتین کے ادب اور نئی نظم کے علاوہ ہیومن رائٹس کانفرنس، ڈاکٹروں کا پروگرام ہیلتھ اِز ویلتھ، سپیس یونیورسٹی کا پروگرام، بُک میکنگ کا پروگرام، بچوں کے دلچسپ سیگمنٹس، این بی ایف مطبوعات کی تقاریبِ رونمائی، ٹیکسٹ بکس رائٹنگ ورکشاپ، اقبال ڈے سپیشل ، داستان گوئی، انکل سرگم شو، گوگی شو، لکی بُک ڈرا، موٹروے پولیس ڈیسک، یونائیٹڈ نیشنز کا پروگرام، کک بُک سیشن، ذالک الکتاب لاریب فیہ، ریڈرزکلب، بریل بکس، نیشنل آرکائیوز اور بہت سے پُر کشش پروگرام شامل تھے۔ میلے کی شاندار کامیابی پر این بی ایف کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید کو مبارکباد کے لاتعداد پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔