10-03-2015اسلام آباد ( 10مارچ 2015) کتاب بہترین رفیق ہے اور یہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر کامیابی کی ضامن ہے ۔ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی کتب بینی اور مطالعہ کی عادات کو فروغ دینے میں کوششیں نہایت قابل تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار این بی ایف کی موبائل بُک شاپ کی افتتاحی تقریب میں کلکٹر کسٹمزپشاور محمد عامر نے چیف گیسٹ کی حیثیت سے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کلکٹر کسٹمزمحمد جُنید جلیل ، کسٹمز کے افسران اور عملے کے لوگ بھی موجود تھے ۔ چیف گیسٹ نے این بی ایف کی ریڈرز کلب سکیم کی بے حد تعریف کی جس کے تحت این بی ایف کی تمام مطبوعات پر خریداروں کو 55فی صد ڈسکاؤنٹ کی سہولت دی جاتی ہے ۔ ریجنل انچارج این بی ایف مراد علی مہمند نے معززمہمان کو این بی ایف کی کارکردگی اور ادارے کے بنیادی مقاصد کے بارے میں بریفینگ دی اور کہا کہ خیبر پختونخواہ میں 28اضلاع اور 7ایجنسیوں کے مکینوں تک رعایتی کتب کی سہولت پہنچانے میں دشواری پیش آتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کی طرف سے دو موبائل گاڑیاں فراہم کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کے چیف گیسٹ نے صوبے کی عوام کو معیاری کتب سے استفادہ کرنے کے لیے این بی ایف کو موبائل گاڑی کی فراہمی کا وعدہ کیا جس پر مراد علی مہمند نے اُن کے تعاون اور کتاب دوستی کے جذبے پر شکریہ ادا کیا۔