unnamed (1)
اسلام آباد (03 اگست2015ء)نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی اسلام آباد کلب میں قائم کی گئی ’’کلب بُک شاپ‘‘ ایک اہم علمی مرکز کی حیثیت اختیار کرتی چلی جا رہی ہے اور یہ خوبصورت علمی گوشہ بُک کلچر کے فروغ میں مثبت کردار ادا کررہا ہے۔ کلب کے ممبران اور ان کے مہمان این بی ایف کی کتب میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ اور کنوینر لائبریری کمیٹی اسلام آباد کلب سیرت اصغر نے ’’ کلب بُک شاپ‘‘ کے خصوصی دورے کے موقعے پر کیا۔ سیرت اصغر کی کلب بُک شاپ آمد پر این بی ایف کے ایم ڈی پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اُن کا خیر مقدم کیااور انھیں بُک شاپ میں رکھی گئی متنوع موضوعات کی کتب کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے معزز مہمان کو این بی ایف کی مطبوعات اور فروغِ مطالعہ کے لیے’’بُک ریوولیوشن ‘‘ سمیت دیگر سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا۔جناب سیرت اصغر نے این بی ایف کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور کتب کے معیار اور ارزاں نرخوں کو آج کے دور میں ایک خوشگوار اقدام قرار دیا۔ انھوں نے ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی علمی اور تنظیمی صلاحیتوں اور نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے نئے منصوبوں کے حوالے سے اُن کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی سربراہی و نگرانی میں ملک بھر میں جس تیزی سے کام ہو رہا ہے، اس کے مثبت ثمرات سامنے آرہے ہیں۔ معزز مہمان نے ’’کلب بُک شاپ ‘‘سے اپنی پسند کی کتب خریدیں اور ادارے میں مزید بہتری لانے کے لیے چند مفید اور اہم تجاویز بھی دیں۔