NB Day Cell 02اسلام آباد (18مارچ2015ء(نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے گزشتہ روز یہاں اس سال این بی ایف کے زیراہتمام پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پانچ روزہ چھٹے قومی کتاب میلے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 22اپریل کے افتتاحی سیشن میں اہم قومی شخصیت چیف گیسٹ ہوں گی ۔ اس موقع پر کتاب کا گیت ، سکول کے بچوں کی طرف سے بُک پریڈ ، کتاب کا حلف نامہ اور دیگر سیگمنٹس شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چھٹا قومی کتاب میلہ ایک یادگار اور رجحان ساز ایونٹ ثابت ہو گا۔ایم ڈی نے کہا کہ گزشتہ سال بھر پور عوامی پذیرائی کے باعث اس سال میلے کو پانچ دنوں تک بڑھایا گیا ہے۔ ملک بھر سے پبلشر ز اور بُک سیلزز بڑی تعداد میں سٹال لگائیں گے جب کہ ایک اندازے کے مطابق پانچوں دن لاکھوں لوگ شرکت کریں گے۔ ایم ڈی نے ادارے کے افسران اور عملے کو بتایا کہ کارکنوں کی دلجمعی ، محنت اور خلوص سے کام کرنے کی وجہ سے این بی ایف اب ایک متحرک ادارہ بن چکا ہے۔ ملک بھر میں ادارے کے دفاتر کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ چھٹے میلے میں بھی تمام کارکنوں کو دن رات کام کرنا ہو گا تاکہ اسے ایک مثالی میلہ بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے میلے کے اہم پروگراموں اور سیگمنٹس کے خدوخال بتائے اور کہا کہ چیئرمین قومی رابطہ کونسل پاکستان اور کارپوریٹ سوشل سیکٹر راولپنڈی چیمبر عبد المجید امجد دیگر اداروں سے رابطوں کے لیے چیف کوآرڈی نیٹر مقرر کیے گئے ہیں۔ ایم ڈی نے کہا کہ سید امجد بخاری میلے کے تمام پروگراموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری این بی ایف آفتاب سومرو نے کہا کہ تمام سٹاف ایم ڈی کی گائیڈ لائن کے مطابق کام کرے گا۔ چیف کوآرڈی نیٹر عبدالمجید امجد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ این بی ایف کی فروغ کتب کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھٹے قومی کتاب میلے کے لیے وہ صنعت و تجارت کی ممتاز شخصیات ، تاجر رہنماؤں اور دیگر اہم اداروں سے ہر ممکن تعاون حاصل کریں گے اور انہیں این بی ایف کے مقدس مشن میں شامل کریں گے۔