Dr. Inam ul Haq and Dr. Qasim Baghioاسلام آباد ( 13اپریل 2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اس سال 22اپریل سے شروع ہونے والے چھٹے قومی کتاب میلے کی تیاریوں کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاویدنے اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹرقاسم بگھیو سے قومی کتاب میلے اور اکادمی سے متعلقہ دیگر ضروری امور طے کرنے کے لیے خصوصی ملاقات کی۔ چیئرمین اکادمی نے نیشنل بُک فیسیٹول کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا جس میں رہائشی سہولیات کی فراہمی، امورِمہمانداری کے لیے افرادی قوت اور دیگر معاملات شامل ہیں۔ ملاقات میں طے پایا کہ اکادمی ادبیات اپنی بُک شاپ میں این بی ایف کی مطبوعات کے لیے الگ گوشہ قائم کرے گی جب کہ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی مرکزی بک شاپ میں اکادمی کی مطبوعات کا خصوصی گوشہ بنایا جائے گا۔ دونوں ادارہ جاتی سربراہان میں مفید، معلوماتی اورشائقین کی فوری ضرورت واہمیت کی حامل کتب کے مسودات کو باہمی اشتراک و تعاون سے شائع کرنے کے حوالے سے بھی اصولی امور طے پائے۔
واضح رہے چھٹے قومی کتاب میلے کے سلسلے میں ایم ڈی این بی ایف پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید مختلف اداروں کے سربراہوں سے ان دنوں ملاقات کر رہے ہیں۔ اکادمی کے چیئر مین ڈاکٹر قاسم بگھیو سے مذکورہ ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔