libraryلالہ موسیٰ۔  حکومت پنجاب نے کمانڈرشہزاد میونسپل لائبریری لالہ موسیٰ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے ، منصوبے پر 76لاکھ روپے خرچ ہوں گے جبکہ اسکے انتظامات چلانے کے لئے مستقل لائبریرین اور رابطہ آفیسر مقرر کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے لائبریری کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اے سی کھاریاں میاں اقبال مظہر ، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف ، ڈی او پلاننگ شاہد اقبال ، ٹی ایم او کھاریاں ملک شفقت حسین و دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے منظوری کے بعد پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن نے 40لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی ہے جبکہ 36لاکھ روپے کے فنڈز ضلعی حکومت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے فراہم کئے گئے فنڈز سے کتابیں، ریک ، سٹڈی ٹیبل اور دیگر سامان خریدا جائے گا تما م اخراجات کی منظوری بورڈ آف گورنرز دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن کے بعد لائبریری کی رجسٹریشن پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن سے کرائی جائے گی اور کتابوں اور دیگر اشیا ء کی خریداری کے لئے الگ الگ کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن اور دیگر دفاتر سے رابطہ کے لئے گریڈ 16میں رابطہ آفیسر بھرتی کیا جائے گا جبکہ ترجیحا ایم اے لائبریری سائنس ڈگری ہولڈر لائبریرین بھرتی کیا جائے گا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ پبلک لائبریری کی اپ گریڈیشن سے لالہ موسیٰ و گرد و نواح کے پڑھ لکھے اور طلباء و طالبات کو ایک بہترین ماحول میسر آئے گا اور اہل شعور افراد اپنے علم میں مزید اضافہ کر سکیں گے اس لائبریری کی اپ گریڈیشن سے لالہ موسیٰ و گرد و نواح کے افراد کیلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے اس سے نئی نسل میں تعلیمی شعور اور آگاہی میں مزید اضافہ ہو گا ، اسسٹنٹ کمشنر میاں اقبال مظہر نے انہیں بریفنگ دی ۔