روزانہ کی اہم سرگرمیوں ، نئی مطبوعات اور کتب میلوں سمیت علمی خبریں شامل ہیں
kitaabاسلام آباد (15دسمبر2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے ماہنامہ نمائندہ میگزین ’’کتاب‘‘ کا 56 صفحات پر مشتمل اکتوبر۔نومبر2015ء کا تازہ شمارہ شائع ہو گیا ہے۔ مدیر اعلیٰ و مدیر منتظم بالترتیب پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید اور آفتاب سومرو ہیں جب کہ اعزازی مدیر احمد خلیل جازم ہیں۔ اس شمارے میں این بی ایف کی سنگل سٹون بُک (یک سنگی کتاب) کی افتتاحی تقریب کا احوال شامل ہے جس کے چیف گیسٹ وزیر اعظم پاکستان کے قومی امور کے مشیر عرفان صدیقی تھے۔ علاوہ ازیں امریکی طلبہ کے دورے، جنوبی افریقہ کے حسن مرسی کے دورے، ڈاکٹر انعام الحق جاوید کے برازیل اور پرتگال کی اہم کتب پر خصوصی تحریر’’ مطالعے کی میز پر‘‘، ڈاکٹر اعجاز راہی کا آئرلینڈ کے شاعر شیمیس ہینی پر مضمون، حنیف عابد کا خرم صدیقی کی افسانہ نگاری پر مبسوط مضمون، خرم سہیل، عمررائے اور افتخار مجاز کی خصوصی تحریریں، این بی ایف کی نئی مطبوعات کی خبریں اور ا ین بی ایف دیگر مراکز پر منعقدہ کتب میلوں کے احوال شامل ہیں وزیٹرز بُک میں سے وفاقی سیکرٹری برائے تحفظِ خوراک و تحقیق سیرت اصغر، ماہر تعلیم ڈاکٹر زاہد منیر عامر، روز نامہ جہاں پاکستان کے گروپ ایڈیٹر توصیف احمد خان اورنوجوان مصنف و محقق ڈاکٹر شفیق ندیم ملک کے تاثرات کے عکس بھی شامل ہیں۔ وزارتِ تعلیم کے وزیر مملکت بلیغ الرحمان اور وفاقی محتسب اعلیٰ سلیمان فاروقی کے این بی ایف کی طرف سے تحفۂ کتب پر شکریے کے خطوط کی عکسی نقول بھی اس شمارے کا حصہ ہیں۔ مجموعی طور پر اس شمارے میں اہلِ علم و ادب اور عام شائقینِ کتب کے لیے مفید ،معلوماتی اور عالمی سطح کا قابلِ مطالعہ مواد موجود ہے۔ سرورق نہایت عمدہ ہے اور اندورنی فلیپس پر ادارے کی اہم سرگرمیوں کی فور کلر تصاویر دی گئی ہیں۔