unnamedاسلام آباد ( 6مئی 2015ء) مصنف محمد شعیب خان کی بچوں کے لیے لکھی گئی دلچسپ ، سبق آموز اور اخلاقی اقدار کی حامل کہانیوں کی 134صفحات کی نئی کتاب نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شائع ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی معیار ، بہترین پیپر اور با معنی سکیچز کی اس کتاب کی قیمت 160روپے ہے جسے ریڈرز کلب کے ممبران 55فی صد ڈسکاؤنٹ پر صرف 72روپے میں حاصل کر سکتے ہیں۔ بسال ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے محمد شعیب خان بچوں کے لیے کئی کہانیاں اور ڈرامے بھی تحریر کر چکے ہیں جب کہ بڑوں کے لیے کہانیاں ، شگفتہ مضامین اور تحقیقی و تنقیدی مقالے بھی لکھتے رہتے ہیں۔ دو ہزار کی تعداد میں چھپنے والی اس کتاب میں پندرہ کہانیاں ہیں جو دلچسپ ہیں، بامحاورہ اردو کا عمدہ نمونہ پیش کرتی ہیں اور جنوں پریوں کے بجائے معاشرتی مسائل کو کہیں تمثیلی اور کہیں بیانیے کی صُورت میں پیش کرتی ہیں۔ این بی ایف کی کتب کی مانگ میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر اب نئی کتب کا پہلا ایڈیشن ہی ہزاروں کی تعداد میں شائع ہوتا ہے جس کی تازہ ترین مثال محمد شعیب خان کی تصنیف ’’ خزانہ‘‘ ہے۔ ان کہانیوں میں اتنی دلچسپی ہے کہ ہر عمر کے قارئین ان سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔