unnamed (2)اسلام آباد (17اگست 2015ء ) بلو چستان کے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے جو خود کتابوں سے محبت کرنے والی شخصیت ہیں، یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ میں جاری قومی کتاب میلے کا خصوصی دورہ کیا۔ بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال اور دیگر علمی و ادبی شخصیات ان کے ہمراہ تھیں ۔گورنر نے ملک بھر سے آئے ہوئے پبلشرز کی طرف سے لگائے گئے بُک سٹالز پر کتب دیکھیں اور معیاری کتب کو سراہا۔ انھوں نے این بی ایف بُک سٹال کا بھی وزٹ کیا اور ریڈرز کلب سکیم کے تحت 55فی صد خصوصی ڈسکاؤنٹ دینے کو فروغِ کتب بینی کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا۔ گورنر نے لکی بُک ڈرا سٹال پر قرعہ بھی نکالا۔ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی جانب سے گورنر صاحب کو این بی ایف کی تاریخ میں پہلی بار شائع ہونے والے قرآنِ پاک کا نسخہ بھی پیش کیا گیا۔
این بی ایف بلوچستان کے ریجنل انچارج راحیل بگٹی کے مطابق کوئٹہ بلوچستان قومی کتاب میلے میں عوام الناس اور بالخصوص نوجوان طبقے کی بھر پُور شرکت اور میلے کے ساتوں دن سٹالز پر موجود کتابوں میں اُن کی دلچسپی قومی سطح پر ایک حوصلہ افزاء پہلو ہے ۔ میلے میں این بی ایف کے زیر اہتمام اُردو بُک ریڈنگ سیشنشز، ریڈرز کلب ممبر شپ ، آفاق کوئز ، کتاب ترانہ، بُک پریڈ اور لکی بُک ڈرا سمیت صوفیانہ کلام پر مبنی پروگراموں میں نوجوانوں ، طلبہ و طالبات ، اہلِ قلم اور نامور رائٹرز کی بڑی تعداد میں شرکت نے اس کتاب میلے کو کامیابیوں سے ہم کنار کیا۔