Darecae magribاسلام آباد (4مئی 2015ء)نامور ماہرِ تعلیم، شاعر، محقق ، 50سے زائد کتب کے مصنف اورنیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کا نیا مجموعہ ’’دریچۂ مغرب‘‘ کے نام سے بین الاقوامی معیار کے مطابق دوست پبلی کیشنز کے زیر اہتمام شائع ہو گیا ہے ۔ سرورق اسلم کمال کا ہے 212صفحات کی اس کتاب میں پہلا حصہ انگریزی کے شاہکار افسانوں اور ایک ڈرامے کے ترجمے پر مشتمل ہے جن میں رابرٹ ایکمن ، ولیم سیمسن ، ایمروز بیرس ، جون ایکن، مائیکل نیل ، آسکروالڈاور دیگر شامل ہیں ۔ انگلش لٹریچر کے طبقہ کے لیے یہ کتاب رہنمائی فراہم کرتی ہے ۔ کتاب کے دوسرے حصے میں انور علی کے پنجابی شگفتہ مضمون کا ترجمہ شامل ہے جب کہ تیسرے حصے میں مصنف کے طبع زاد افسانے اور ایک ڈرامہ شامل ہے ۔ انتساب حسن جاوید اور ریحانہ حسن کے نام ہے جب کہ مصنف نے پیش لفظ میں اپنے طالب علمی کے زمانے کے تخلیقی و تحقیقی مشاغل و مصروفیات پر گفتگو کی ہے اور بتایا ہے کہ اُن دنوں انگریزی ادب کے بھرپور مطالعے کے نتیجے میں یہ تراجم کیے گئے تھے جن سے قارئین یقیناً محظوظ ہوں گے۔