میوزیم میں طلبا اور عام شہریوں کیلئے عالمی معیار کی سہولیات موجود ہونگی،رانا مشہودrana

لاہور۔لاہور میں طلبا و طالبات کیلئے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں نیچرل ہسٹری میوزیم قائم کیا جائے گا۔ منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ، لاگت اور دیگر ٹیکنیکل امور پر غور کیلئے گذشتہ  روزچلڈرن لائبریری کمپلیکس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں متعلقہ محکموں کے سنیئر افسر وں نے شرکت کی ۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا نیچرل ہسٹری میوزیم ہوگا جس میں طلبا اور عام شہریوں کیلئے ٹیلی سکوپ، انسانی زندگی کے ارتقائکی معلومات اور عالمی معیار کے مطابق دیگر سہولیات موجود ہوں گی۔دریں اثنا رانا مشہود احمد نے مجوزہ رسالے ٹین ٹائمز کے بارے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ رسالہ مڈل اور ہائی سکولوں کے علاوہ کالج کی سطح پر بھی تقسیم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں ٹین ٹائمز کی ادارت ، اشاعت اور ڈسٹری بیوشن کے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔