1aبہاول پور۔ سینٹرل لائبریری بہاول پور میں جشن بہاراں کے سلسلے میں منعقد ہونے والے دو روزہ چلڈرن گالا میں اسکولوں کے طلباء و طالبات، بچوں اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور چلڈرن گالا میں بچوں کے رنگا رنگ پروگرام، پھولوں کے نمائشی اسٹال، اسکائوٹنگ ویلج، بچوں کی کتابوں کی نمائش اور آرٹ اینڈ ڈیزائن کے فن پاروں کی نمائش کو بھر پور انداز میں دیکھا۔چلڈرن گالا کے پہلے روز کا افتتاح کمشنر بہاول پور ثاقب ظفر نے بچوں کی کتابوں کی نمائش کا باقاعدہ فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر کمشنر کو بچوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ انہوں نے اسکائوٹنگ ویلج کا دورہ کیا اور آرٹ اینڈ ڈیزائن کی نمائش کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے بچوں کے لٹریچرکے ذریعے بچوں میں مطالعہ کی عادات کے فروغ میں کوشاں سینٹرل لائبریری کے کردار کی بھر پور انداز میں تعریف کی۔اس موقع پرچیف لائبریرین راناجاوید اقبال نے لائبریری میں بچوں کے شعبہ کتب کے بارے میں انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ چلڈرن گالا کے دوسرے دن کا افتتاح ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ نے کیا۔ اس موقع پر انہیںپھول پیش کئے گئے  بچوں کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاں انہوں نے اسکائوٹنگ ویلج، آویزاں وش کارڈز اور آرٹ اینڈ ڈیزائن کی نمائش کا دورہ کیا۔ ڈی سی اونے لائبریری میں خرید کی گئی بچوں کی نئی کتب کی نمائش بھی دیکھی۔ انہوں نے نمائش میں رکھی گئی کتب کے معیار اور تعداد کو اطمینان بخش قرار دیا۔ انہوں نے سینٹرل لائبریری کی جانب سے بچوں کے لئے منعقد کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر تعریف کی۔ چیف لائبریرین نے اس موقع پر ڈی سی او عمران سکندر بلوچ کو لائبریری کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ڈی سی اونے سینٹرل لائبریری کے سبزہ زار میں ایک بڑے پنڈال میں چیف لائبریرین اور دیگر شرکاء کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور کھڑے ہو کر قومی ترانہ بھی سنااوربچوں کی جانب سے پیش کئے جانے والے مختلف ٹیبلوز دیکھے اور ملی نغمے سنے۔