nbfاسلام آباد (19اکتوبر2015ء) برازیل کے سفیر کلاڈیو لنز اور سفارتخانۂ پرتگال کے ناظم الامور جو آپالو سبید و کو سٹا نے اپنے وفود کے ہمراہ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے صدر دفتر واقع جی ایٹ فور کا خصوصی دورہ کیا اور این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید سے اپنے اپنے ملکوں کے نامور مصنفین، کلاسیکی شعراء ،بچوں کے ادب اور فوک طور پر مبنی کتابوں کو اردو میں ترجمہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا اور برازیل اور پرتگال کے نامور رائٹرز کی کتب کو پاکستانی قارئین کے لیے اردو میں پیش کرنے پر اصولی اتفاق کیا ۔ این بی ایف کے بُک ایمبیسیڈرز آصف نور اور مسزفرحت آصف نور نے طرفین کے شرکاء کا تعارف کرایا۔ ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے معزز مہمانوں کو این بی ایف کے مختلف اشاعتی منصوبوں اور کتب بینی کے فروغ کے لیے مختلف سکیموں بشمول ریڈرز کلب ممبر شپ، بُک والنٹیرز ، چلڈرن بُک کلب اورحال ہی میں کراچی میں’’ شہر کتاب ‘‘ کے ذریعے مستقل کتاب میلوں کے انعقاد کا ذکر کیا اور بتایا کہ این بی ایف بیرون ملک بھی سفارتخانوں کو اُن کی ڈیمانڈ پر مفت کتابیں فراہم کر رہا ہے۔ مہمانوں نے این بی ایف کی کارکردگی اور فروغِ کتب کے ذریعے خواندگی میں اضافے کے اقدامات کو سراہا۔ برازیلی سفیر نے دونوں ملکوں کے ادب اور ثقافت پر مبنی کتابوں کے تراجم اور این بی ایف کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے اشاعتی پروگرام پر روشنی ڈالی جب کہ پر تگال کے پالو سبید و کوسٹانے بھی پر تگالی زبان کی اہم کتابوں کو اردو کے قالب میں ڈھالنے پر مثبت گفتگو گی۔ اس موقع پر این بی ایف کے سیکرٹری آفتاب سومرو بھی موجود تھے ۔

nbf1ایم ڈی این بی ایف نے دونوں مہمانوں کی طرف سے پیش کی گئی کتب پر فوری کام کرنے کے لیے این بی ایف کے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ این بی ایف برازیل اور پرتگال کے قومی شاعروں، نامور فکشن رائٹرز، بچوں کے ادب اور فوک کہانیوں کو اردو میں ترجمہ کر کے برازیل اور پرتگال کی ثقافت، تاریخ، ادب اور ان ملکوں کے تہذیبی ورثے کو پاکستانی قارئین تک پہنچائے گا۔ ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے برازیل کے نامور ناول نگار ماشاڈ وڈی ایسیس ، اراسیماکی کتاب ’’جوزے ڈی ایلنسار‘‘ اور پُرتگیزی شاعری کے معتبر مفکر فرنانڈوپیسواکی نظموں کی کتاب کو این بی ایف کے زیر اہتمام شائع کرنے پر اتفاق کیا ۔ انہوں نے برازیلی سفیرکلاڈیولنزاور پرتگال کے ناظم الامور پالوسبیدوکوسٹا کی این بی ایف آمد کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرتگال اور برازیل کے تخلیقی ادب پر مزید کام کے لیے وفود کے درمیان باہم ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
آخر میں معزز مہمانوں نے نیشنل بُک میوزیم دیکھااور اس میں موجود نوادرات اور تاریخی ورثے کو پسند کیا۔ انہوں نے بُک پارک، بُک شاپ، مائی بُک شیلف، بُک وال کلاک اور سنگل سٹون بُک کا بھی دورہ کیا اور وزیٹرز بُک میں تاثرات قلم بند کرتے ہوئے این بی ایف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔