بریل پبلی کیشنز سے ضرورت مند افراد کثیر تعداد میں استفادہ کر چکے ہیں

braille_

اسلام آباد (13جولائی 2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن ایک قومی ادارہ ہے جو اندرون و بیرون ملک بصارت سے محروم افراد کو قرآن پاک سمیت ، اسلامی کتب ، حوالہ جاتی کتب اور پہلی سے گریجویشن تک کی نصاب کی کتب مفت فراہم کر رہا ہے۔1976ء سے بریل پریس کے زیر اہتمام بصارت سے محروم افراد کے لیے کئی موضوعات پر لاکھوں کی تعداد میں کتب کی اشاعت اور مفت فراہمی ایک معاشرتی وقومی خدمت ہے۔ این بی ایف کی بریل پریس پاکستان میں اپنی نوعیت کی واحدپریس ہے جس کا بریل بُکس کی اشاعت و ترسیل میں مرکزی کردار رہا ہے۔ بریل پریس کے تمام امور کی رہنمائی و نگرانی پانچ رکنی مینیجنگ کمیٹی کرتی ہے جس کا چیئرمین پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کا صدر ہوتا ہے ۔ بریل پریس کی اب تک کار کردگی کو ہر شعبۂ حیات نے بے حد سراہا ہے۔ موجودہ بریل کمیٹی نے کارکردگی کو جدید خطوط پر استوارکرنے کے لیے طے کیے گئے منصوبوں اور لائحہ عمل پر کام شروع کر دیا ہے۔