اندرون وبیرون ملک بریل پبلی کیشنز سے ضرورت مند افراد ریکارڈ تعداد میں استفادہ کر چکے ہیں

braille
اسلام آباد (13اپریل 2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن ایک قومی ادارہ ہے جو اندرون و بیرون ملک بصارت سے محروم افراد کو قرآن پاک سمیت ، اسلامی کتب ، حوالہ جاتی کتب اور پہلی سے گریجویشن تک کی نصاب کی کتب مفت فراہم کر رہا ہے۔1976ء سے بریل پریس کے زیر اہتمام بصارت سے محروم افراد کے لیے اردو بریل گائیڈ، مطالعہ پاکستان ، بانگِ درا، دین مبین، اردو ادب کا تاریخی خاکہ، دردِ آشوب ، اردو انگلش ڈکشنری، اردو بریل چارٹ، انگلش بریل چارٹ ، نورانی قاعدہ، قرآنی و عربی بریل گائیڈ، عریبک بریل چارٹ ، سندھی بریل چارٹ، پنج سورہ اور دوسرے موضوعات پر لاکھوں کی تعداد میں کتب کی اشاعت اور مفت فراہمی ایک معاشرتی وقومی خدمت ہے۔ این بی ایف ذرائع کے مطابق این بی ایف کی بریل پریس وزارتِ تعلیم حکومت پاکستان کے تحت کام کر رہی ہے۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی واحدپریس ہے جس کا بریل بُکس کی اشاعت و ترسیل میں مرکزی کردار رہا ہے۔ بریل پریس کے تمام امور کی رہنمائی و نگرانی پانچ رکنی مینیجنگ کمیٹی کرتی ہے جس کا چیئرمین پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کا صدر ہوتا ہے جب کہ سیکرٹری کے فرائض این بی ایف کراچی کا آرڈی سر انجام دیتا ہے۔دیگر ممبران میں چیئر مین سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ، بریل پریس کراچی کے مینیجر اور پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کا ایک نمائندہ شامل ہے۔ بریل پریس کی اب تک کار کردگی کو ہر شعبۂ حیات نے بے حد سراہا ہے تاہم بریل کمیٹی نے کارکردگی کو جدید خطوط پر استوا رکرنے کے لیے طے کیے گئے منصوبوں اور لائحہ عمل پر کام شروع کر دیا ہے۔ ان میں بریل بُکس کی لانچنگ اور ویب سائٹ ، نصابی و غیر نصابی کتب کے موضوعات میں تنوع ، بچوں کے لیے کہانیوں، نظموں اور ملی نغموں پر مشتمل کتب، بریل بُکس لائبریری اور ٹاکنگ بُکس لائبریری سمیت بریل پریس کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا اور بریل افراد کے لیے ٹرانسپورٹ کی ممکنہ سہولیات فراہم کرنا شامل ہیں۔