اسلام آباد میں افتتاح کے ساتھ ہی ملک بھر میں این بی ایف کی آؤٹ لیٹس پر سالانہ سیل کا آغاز ہو گیا

book saleاسلام آباد( یکم دسمبر2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن تیزی کے ساتھ اپنے بنیادی مقاصد کے حصول میں ایک مستعد اور منافع بخش ادارے کے طور پر کامیاب دکھائی دیتا ہے۔ ہر سال این بی ایف کی دسمبر سیل فروغِ کتب کے حوالے سے ایک اہم روایت بن چکی ہے جس کے تحت ملک بھر میں این بی ایف کی تمام آؤٹ لیٹس پر 15سے 90فی صد خصوصی رعایت پر شائقین اپنی پسند کی کتب حاصل کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے این بی ایف اسلام آباد میں کتابوں کی سالانہ دسمبر سیل کے افتتاح کے شرکاء سے کیا ۔ اس موقع پر نامور اہلِ قلم ڈاکٹر توصیف تبسم اور ڈاکٹر عطش درانی، سیکرٹر ی این بی ایف آفتاب سومرواور دیگر شخصیات و کارکناں بھی موجود تھے۔ یہ سیل یکم دسمبر سے 31دسمبر2015ء تک جاری رہے گی۔ این بی ایف اپنے منصوبوں پر ’’ہمارا خواب ۔ہر ہاتھ میں کتاب‘‘ کے تحت عمل پیرا ہے اور امن انقلاب بذریعہ کتاب کی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔

book sale1نیشنل بُک فاؤنڈیشن اسلام آباد میں دسمبر سیل کے افتتاح کے ساتھ ہی کراچی ، کوئٹہ،لاہور ،پشاور، ڈی آئی خان، ملتان، واہ کینٹ،بنوں،فاٹا ، گلگت بلتستان اور اندرون سندھ سمیت تمام آؤٹ لیٹس پرسالانہ دسمبر سیل کا آغاز کر دیا گیا ہے جہاں این بی ایف کی بہترین اور تازہ ترین مطبوعات کے علاوہ حالات حاضرہ، علم وحکمت، اسلامی علوم، فلسفے ، ادب، تاریخ، بچوں کی کہانیوں، عالمی ادبی شاہکار کے تراجم سمیت ہر اُس موضوع کی کتابیں دستیاب ہوں گی جنھیں شائقینِ کتب پڑھنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ این بی ایف مفید ، معلوماتی، معیاری اور کم قیمت کتب شائع کر کے کم منافع کے اصول کے تحت رفتارِ فروخت میں بتدریج اضافے کے امکانات میں پیش رفت کر رہا ہے۔