unnamedاسلام آباد( 24اگست 2015ء) کے پی کے نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے انچارج مراد علی مہمند نے بتایا ہے کہ 19اگست 2015ء سے گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری اینڈ ہائی سکولز ضلع نوشہرہ میں شروع کیے گئے کتاب میلے میں عوام کی بھر پور شرکت کے سبب میلے کی مدت 29اگست تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس میلے کے لیے سکولوں کی انتظامیہ اور شہری انتظامیہ نے بھر پور تعاون کیا۔ مراد علی نے خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے جذبات اور بُک ریڈنگ کے فروغ میں این بی ایف کی کوششوں کے حوالے سے ان کی جانب سے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔ اس کتاب میلے کا افتتاح نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنر نے اپنے دست مبارک سے کیا۔ معزز مہمان نے این بی ایف پشاور کے فعال کردار کو سراہا اور مجموعی طور پر این بی ایف کی فروغِ مطالعہ کے لیے کاوشوں کو تحسین کی نظر سے دیکھا۔ مرادعلی نے اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ عبدالحمید خان کو این بی ایف کے ماہانہ میگزین ’’ کتاب‘‘ کا تازہ شمارہ بھی پیش کیا۔