دلچسپ اور معلوماتی پروگرام، بُک ریڈنگ، نامور شخصیات سے ملاقات ، ارزاں قیمت بُک سٹالزاور دیگراہم سگمنٹس شامل

book fair coming soonاسلام آباد (21اپریل2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سابقہ روایات کے تسلسل میں ملک کی تاریخ کاسب سے بڑا5 روزہ ’’ چھٹا قومی کتاب میلہ2015ء‘‘ 22اپریل سے پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں ملک بھر سے معروف علمی و ادبی شخصیات، بُک ایمبسیڈرز ، بُک لورز ، دانشور ،معروف رائٹرز، شعرا، عوام کے پسندیدہ فنکار ، سکولوں کے طلبہ و طالبات اور یونیورسٹیز سمیت ہر شعبہ حیات سے کتاب دوست لوگ لاکھوں کی تعداد میں شریک ہوں گے۔ افتتاحی سیشن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید چیف گیسٹ ہوں گے۔افتتاحی اجلاس میں سکول کے بچوں کی پریڈ ، کتاب کی پرچم کشائی، کتاب کا گیت شامل ہے ۔این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید استقبالیہ کلمات پیش کریں گے جب کہ سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن راجہ حسن عباس اورگیسٹ آف آنر کنٹری ترکی کی نمائندگی کرتے ہوئے ترکی کے سفیر جناب صادق بابر جرجن خطاب کریں گے۔ چیف گیسٹ تمام شرکاء سے کتاب کا حلف نامہ لیں گے اور شرکائے تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے۔ اختتامی اجلاس 26 اپریل 2015ء ( اتوار)سہ پہر کو ہو گا۔ اس کتاب میلے میں ملک بھر سے آئے ہوئے معروف بُک سیلرزاورپبلشرز پانچوں دن نہایت کم قیمتوں پر پبلک کی پسند کی کتب کے سٹالز بھی لگائیں گے۔ بیرون اسلام آباد اور بیرون ملک سے آنے والے معزز مہمانان اور وفود کی آمد کا سلسلہ جا ری ہے ۔ گزشتہ برس پانچویں قومی کتاب میلے کی بھر پور عوامی پذیرائی کی باز گشت ابھی تک تازہ ہے اور توقع ہے کہ چھٹا قومی کتاب میلہ ایک یادگار اور کامیاب ترین بُک فیسٹیول شمار ہو گا۔